گجرات اسمبلی کے کل سے شروع ہوئے بجٹ سیشن کے دوران آج دوسرے دن بھی ایوان
میں ہنگاموں کا دورہ جاری رہا اور اس کی وجہ سے وقفہ سوال پورا نہیں ہوسکا
اور ایوان کی کارروائی دوپہر بعد ایک بجے تک ملتوی کر دی گئی جب نائب وزیر
اعلی کے ساتھ وزیر خزانہ نتن پٹیل بجٹ پیش کریں گے۔کل بھی اپوزیشن کانگریس کے ہنگامے کی وجہ سے گورنر او پی کوہلی کو محض چھ
منٹ میں ہی اپنے خطاب کی
خانہ پری کرنی پڑی تھی جبکہ مسلسل جاری ہنگامے کے
سبب اسمبلی کے اسپیکر رمن لال ووہرا نے تمام کانگریس ممبران اسمبلی کو دن
بھر کے لئے ایوان سے معطل کر دیا تھا۔آج وقفہ سوال کا آغاز ہوتے ہی کانگریس کے ممبر اسمبلی شیلیش پرمار کی جانب
سے دیئے گئے بیان پر بی جے پی ارکان نے سخت اعتراض کیا اور ان کی جانب سے
استعمال کئے الفاظ کو اسمبلی کی کارروائی ریکارڈ سے ختم کرنے کی اپیل کی۔